محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں گرمی کے ستائے عوام کیلئے بارش کی نوید سنا دی۔
ملک بھر میں موسم کے الگ الگ رنگ نظر آرہے ہیں، کہیں سورج کا مزاج برہم تو کہیں ابر کرم ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں جھکڑ چلنے اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے بارش کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں کو بھی بادلوں نے گھیر لیا ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، اٹک، جہلم، چکوال میں بارش کی پیش گوئی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق سندھ میں سورج کے تیور نہ بدلے، گرمی کی لہر برقرار رہے گی، کراچی کا موسم آج بھی گرم اور مرطوب رہے گا۔
شہر قائد میں ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے کے باعث گرمی زیادہ محسوس کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں بوندا باندی تو کہیں بادل خوب برسے۔
گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
گزشتہ روز تربت میں پارہ 44 ڈگری سیٹی گریڈ کو چھو گیا جبکہ جیکب آباد، خیرپور اور روہڑی میں 42 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔
