Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گرمی کی موجودہ لہر کب تک برقرار رہے گی؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

محکمہ موسمیات کا گرمی کی موجودہ لہر سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے ملک کے بیشتر حصوں میں سورج کی تپش برقرار رہے گی، اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب کے کئی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ گرمی موہنجو داڑو، جیکب آباد اور دادو میں پڑی، جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری پر رُکا ہوا ہے۔

 سبی، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، روہڑی، خیرپور، سکھر، پڈعیدن اور نورپور تھل میں بھی گرم ہوائیں چل رہی ہیں۔ پارہ اڑتالیس ڈگری پر برقرار ہے۔

مٹھی، چھور، بہاولنگر، بھکر، کوٹ ادو اور رحیم یارخان میں 47 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا ۔ بڑے شہروں کی بات کریں تو آج لاہور میں پارہ 44 سے 46، پشاور میں 44 ، کراچی میں 39 ، بہاولپور میں 48 اور ملتان میں 47 ڈگری سنٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

 دوسری جانب قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر کے باعث ہیٹ اسٹروک سے بیماریوں اور اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

 قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق پاکستان کو گلوبل وارمنگ کے باعث شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔ ہر سال گرمی کی لہر کے خطرات اور اثرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Exit mobile version