محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کے دنوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے انٹرویو میں کہا کہ ملک بھر میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں کوئی تبدیلی نہ ہونے کا امکان ہے، آئندہ ہفتہ سال کا گرم ترین ہفتہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کی لہر ملک کے کچھ حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے، کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
سردار سرفراز نے کہا کہ پارہ مسلسل بڑھ رہا ہے جس سے شہریوں کے لئے پریشانی اور صحت کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی وارننگ جاری کر دی ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید ہیٹ ویو کے زیر اثر رہیں گے۔
سردار سرفراز نے شہریوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹھنڈا اور ہائیڈریٹ رہنے کیلئے خاص طور پر دن کے اوقات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
