Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہر قائد کا مطلع ابر آلود، مختلف علاقوں میں رم جھم، موسم خوشگوار

 شہر قائد میں مطلع ابر آلود،مختلف علاقوں میں رم جھم کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن میں بوندا باندی، جبکہ ماڑی پور روڈ، ڈی ایچ اے، محمودآباد میں بھی رم جھم جاری ہے۔
گزشتہ رات بھی مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی جبکہ شہر میں آج بھی شام و رات میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان  ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شمال مغربی سمت سے 17 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، تاہم گرمی کی شدت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے، جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

اس کے عللاوہ سندھ  صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے۔ تاہم  شام یا رات کے دوران سکھر، شکارپور، خیرپور، شہید بینظیرآباد، حیدرآباد، تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، میرپور خاص، سانگھڑ میں چند مقامات پرتیز ہوائیں، جھکڑچلنے اورگرج چمک کے ساتھ  بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے دیگر شہروں میں موسم کی صورتحال کچھ اس طرح رہنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد اور اس کے گردو نواح میں آج موسم گرم اورمرطوب رہے گا، جبکہ صبح یا رات میں    تیز ہواؤں کے ساتھ جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 23 جبکہ زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے شہر دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیراور کوہاٹ میں چند مقامات پرتیز ہوائیں یا جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب میں مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، اور راجن پورمیں  چند مقامات  پرآندھی، جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان صوبہ کے بیشتراضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم لسبیلہ ، خضدار، آوران ، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، کوہلو، ہرنائی، لورالائی، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفر آباد اورقلات میں تیز ہوائیں، جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پرموسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

Exit mobile version