کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج شام یا رات میں بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں آج شام یا رات میں بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ شہر میں اس وقت جنوب مغربی سمت سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے۔
واضح رہے کہ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا تھا کہ شہر میں اب ہوا کا کم دباؤ ختم ہوگیا ہے اور گزشتہ شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں موسم اسی طرح ابر آلود رہے گا جبکہ آنے والے دنوں میں شام و رات کو ہلکی بارش اور بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے مزید یہ بھی کہا تھا کہ شہر میں 30 جولائی سے بارش کا ایک اور اسپیل متوقع ہے جبکہ اگست میں کراچی میں اچھی بارش ہوگی۔
