محکمہ موسمیات کا کراچی میں بارش کے حوالے سے بڑا بیان سامنے آگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے، مغربی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہر میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرجانی ٹاؤن میں سب سے زیادہ بارش 33.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، مسرور بیس میں 10، اورنگی ٹاؤن میں 7، قائدآباد میں 1.5 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں شہری برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے، شہری ٹی وی، انٹرنیٹ کیبلز، ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کی تنصیبات سے فاصلہ رکھیں۔
