محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی نوید سنادی، کل سے گرج چمک کے ساتھ برسات کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ کل کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے، جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق بارش کے بعد جمع ہونے والے پانی سے مشکلات پیدا ہوجاتی ہیں، بارش کے بعد کے مسائل کے حل کیلئے انتظامیہ اقدامات کرتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 16 اگست یعنی آج سے مون سون کا ایک اور اسپیل سندھ بھر میں بارشیں برسائے گا، مون سون اسپیل کے زیراثر کراچی میں 17 اگست سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بارشوں کا سلسلہ 19 اگست تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے،کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت مغربی سمت سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ رات گئے شہر میں رم جھم نے موسم خوشگوار کردیا، نارتھ کراچی، کورنگی، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاورکے اطراف میں ہلکی بارش ہوئی۔
