نئے مون سون اسپیل کی انٹری کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔
ملک میں بارشوں کا زور دار اسپیل جاری ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ جہلم، نارووال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
پشاور، بونیر، شانگلہ اور مالاکنڈ سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی ابر کرم برسا، ہری پور کے ندی نالوں میں طغیانی پڑ گئی اور سڑکیں ڈوب گئیں۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، کرک اور کوہلو میں بھی جل تھل ایک ہوگیا جبکہ استور کے دریا میں شدید طغیانی سے پل تباہ ہوگیا اور نواحی دیہات کا مختلف علاقوں سے رابطہ کٹ گیا۔
سندھ میں بھی مون سون ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگیا، لاڑکانہ، نوشہرو فیروز اور کندھ کوٹ میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں مون سون اسپیل 25 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں طوفانی بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
