کراچی: محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے ہوئے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ آج شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ آج کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہر میں بارش سے قبل اآندھی یا گرد آلوڈ تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے کل تک جاری رہ سکتا ہے۔
علاوہ ازیں آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس وقت کراچی میں 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغربی ہوا چل رہی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں برسات کا سلسلہ زوروں پر ہے، کہیں موسلادھار بارش تو کہیں ژالہ باری نے نظامِ زندگی کو متاثرکردیا ہے، اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد جل تھل ایک ہوگیا۔
اس کے علاوہ ضلع جہلم، فیصل آباد، لودھراں، لالیاں، کلورکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
ایبٹ آباد، سوات اور ملاکنڈ میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ آزاد کشمیر کے علاقے پلندری میں بھی اچھی بارش دیکھنے میں آئی۔
