Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر، محکمہ موسمیات کی خطرناک پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے زیادہ تر میدانی علاقے اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ درجہ حرارت معمول سے خاصا زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زائد رہ سکتا ہے جبکہ وسطی و بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج کے دن ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، خاص طور پر میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

تاہم شام یا رات کے وقت کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی آج موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

Exit mobile version