جکارتہ: انڈونیشیا میں ایک آتش فشاں کے پھٹنے سے 6 میل (11 کلومیٹر) بلند راکھ کا بادل فضا میں پھیل گیا جس کے نتیجے میں سیاحتی جزیرے بالی کی درجنوں پروازیں منسوخ یا متاثر ہوگئیں۔
انڈونیشیا کے جیولوجی ادارے کے مطابق ماؤنٹ لیووٹوبی لاکی لاکی میں مقامی وقت کے مطابق منگل کی شام 5 بج کر 35 منٹ پر زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں جزیرہ فلورز کے اوپر راکھ کا دیوقامت بادل چھا گیا۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نارنجی رنگ کا مشروم نما راکھ کا بادل قریبی گاؤں تالیبورا کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے جب کہ اس کا مشاہدہ 93 میل (150 کلومیٹر) دور تک کیا گیا۔
حکام نے آتش فشاں کے لیے سب سے بلند سطح کا الرٹ جاری کردیا ہے اور سیاحوں کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بالی میں درجنوں پروازیں معطل
ڈینپاسر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق ’’وولکینو الرٹ‘‘ کے باعث بالی میں درجنوں پروازیں روک دی گئیں۔ متاثرہ پروازوں میں جکارتہ، لومبوک، آسٹریلیا، چین، بھارت، ملائیشیا، نیوزی لینڈ اور سنگاپور کے لیے جانے والی پروازیں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آتش فشاں نے آگ اگلنا شروع کر دیا
ایئرنیویگیشن کمپنی ایئرنیو نے انسٹاگرام پر اطلاع دی کہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فرانسسکس زاویریئس سیڈا ایئرپورٹ کو جمعرات تک بند کردیا گیا ہے۔
چینگی ایئرپورٹ سنگاپور کی ویب سائٹ کے مطابق جیٹ اسٹار اور سکوٹ ایئر لائنز نے بدھ کی صبح بالی کے لیے پروازیں منسوخ کیں جب کہ ایئرایشیا نے انڈونیشیا کے دارالحکومت کے لیے اپنی دوپہر کی پرواز بھی منسوخ کردی۔
پے در پے دھماکے
حکام کے مطابق آتش فشاں کے حالیہ پھٹنے سے قبل سرگرمیاں تیز ہوچکی تھیں۔ دو گھنٹے میں 50 دھماکے ریکارڈ ہوئے جب کہ عمومی طور پر یہ تعداد روزانہ 8 سے 10 ہوتی ہے۔
بدھ کی صبح ایک اور دھماکے میں 1 کلومیٹر بلند راکھ کا بادل فضا میں پھیلا۔ دو قریبی دیہات کے درجنوں مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
آتش فشاں کے اطراف 5 میل (8 کلومیٹر) کے دائرے کو خطرناک زون قرار دے دیا گیا ہے جب کہ بارش کے باعث لاوے کے بہاؤ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
سیاحتی سرگرمیاں متاثر
ایک مقامی ٹور آپریٹر کے مطابق 1 ہزار سے زائد سیاح متاثر ہوئے ہیں، خاص طور پر وہ جو بالی یا کوموڈو نیشنل پارک جا رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: فلپائن میں آتش فشاں پھٹ پڑا، علاقے میں الرٹ جاری
خیال رہے کہ ماؤنٹ لیووٹوبی لاکی لاکی اس سے قبل مئی میں بھی پھٹا تھا جب کہ حکام نے اس وقت بھی اسی طرح کا الرٹ جاری کیا تھا۔ اس سے قبل مارچ میں ہونے والے دھماکے نے آسٹریلوی ایئر لائنز جیٹ اسٹار اور قانتاس کی پروازوں کو بھی متاثر کیا تھا۔
270 ملین آبادی پر مشتمل انڈونیشیا میں 120 فعال آتش فشاں موجود ہیں اور یہاں زلزلے اور آتش فشانی سرگرمیاں معمول کا حصہ ہیں۔ یہ ملک ’’رِنگ آف فائر‘‘ پر واقع ہے جو بحرالکاہل کے گرد واقع زلزلہ خیز علاقوں کا گھیراؤ ہے۔




















