تہران: ایران میں شہید آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی میتیں عوامی دیدار کے لیے شیشے کے تابوتوں میں رکھ دی گئی ہیں، جہاں صبح سے ہی ہزاروں افراد آخری دیدار کے لیے امام خمینی گرینڈ مصلیٰ پہنچ رہے ہیں۔
شہید آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ کل اتوار کو نماز فجر کے بعد متوقع ہے جس میں دنیا بھر سے وفود اور لاکھوں افراد کی شرکت کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز مختلف ممالک سے آنے والے سرکاری و سفارتی وفود نے امام خمینی گرینڈ مصلیٰ میں شہید آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی میتوں کا دیدار کیا، فاتحہ خوانی کی اور تعزیتی تاثرات بھی قلم بند کیے۔

رپورٹس کے مطابق آج عام شہریوں کے لیے آخری دیدار کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے لیے میتوں کو شیشے کے خصوصی تابوتوں میں رکھا گیا ہے تاکہ عوام اپنے رہبر کو آخری بار خراج عقیدت پیش کرسکیں۔
صبح سویرے ہی ہزاروں سوگوار امام خمینی گرینڈ مصلیٰ پہنچنا شروع ہوگئے تھے جس کے باعث مرکزی صحن مکمل طور پر لوگوں سے بھر گیا۔
شہر میں ٹریفک کی آمدورفت پر خصوصی پابندیاں نافذ کی گئی ہیں جب کہ بڑی تعداد میں افراد کئی کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرکے مقام پر پہنچے۔ میٹرو اسٹیشنوں پر بھی غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔

عوامی دیدار کا یہ سلسلہ پورا دن جاری رہے گا جب کہ نماز جنازہ کل اتوار کو نماز فجر کے بعد ادا کیے جانے کا امکان ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اس موقع پر 100 سے زائد ممالک کے نمائندوں سمیت ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے جس کے پیش نظر تہران میں سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ایران کی وزارت تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ تہران سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آنے والے زائرین کی رہائش کے لیے 5 ہزار سے زائد اسکول اور تقریباً 40 سے 50 ہزار کلاس رومز عارضی قیام کے لیے مختص کردیے گئے ہیں تاکہ بیرونِ شہر سے آنے والے افراد کو سہولت فراہم کی جاسکے۔



















