Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا کے 250 سال مکمل؛ ٹرمپ کی سیاسی ریلی نے نیا تنازع کھڑا کردیا

فلاڈیلفیا میں تاریخی آزادی کے دن کے موقع پر مفت کیک اور موسیقی کے بڑے پروگرام منعقد کیے گئے۔

واشنگٹن: امریکا کے قیام کے 250 سال مکمل ہونے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتہ کے روز نیشنل مال میں ایک بڑی سیاسی ریلی سے تقریبات کا آغاز کیا جسے ملک بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے تاہم ان تقریبات کو سیاسی رنگ دینے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

واشنگٹن میں ہونے والی مرکزی تقریب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو جشن کا مرکزی کردار بنایا اور اسے ’’سب سے شاندار ریلی‘‘ قرار دیا جس میں فوجی طیاروں کی گزرگاہ اور آتش بازی کے بڑے مظاہرے بھی شامل تھے۔

رپورٹس کے مطابق عام طور پر یومِ آزادی پر واشنگٹن میں لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں تاہم اس بار سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے جب کہ شدید گرمی اور ممکنہ طوفانی بارشوں کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں بھی جشن منایا جا رہا ہے۔ فلاڈیلفیا میں تاریخی آزادی کے دن کے موقع پر مفت کیک اور موسیقی کے بڑے پروگرام منعقد کیے گئے جب کہ نیویارک میں دنیا بھر کے بحری جہازوں کی پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔

واشنگٹن میں اس بار تقریبات کو ایک غیر سرکاری گروپ کے تحت منظم کیا گیا ہے جس نے نیشنل مال کے بڑے حصے کو باڑ لگاکر مختلف سرگرمیوں کے لیے مختص کردیا ہے۔ ان سرگرمیوں میں تفریحی جھولے، نمائشیں اور قدامت پسند گروپوں کی نمائندگی شامل ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بعض ریاستوں نے ان تقریبات میں شرکت سے انکار کیا ہے جب کہ متعدد فنکاروں نے بھی سیاسی تنازع کے باعث شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک سروے میں سامنے آیا ہے کہ زیادہ تر امریکی شہری سمجھتے ہیں کہ 250 سالہ تقریبات اب سیاسی رنگ اختیار کرچکی ہیں۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ان تقریبات میں تاریخ کے بعض پہلوؤں کو نظر انداز کیا جارہا ہے جب کہ حکومتی سطح پر کیے گئے بعض منصوبے بھی مسائل کا شکار ہیں جن میں تاریخی یادگاروں کی بحالی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version