Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حوثیوں کا سعودی ڈرون مار گرانے اور باب المندب میں حملوں کا دعویٰ

سعودی ایئرپورٹ پر حوثی حملے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے

یمن کے حوثی جنگجوؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے صوبہ تعز میں سعودی عرب کے زیرِ استعمال ترک ساختہ بیرقدار آقنچی جاسوسی ڈرون کو مار گرایا ہے۔

حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساری کے مطابق ڈرون تعز میں ہوسٹائل مشن پر مامور تھا اور اسے مناسب ہتھیاروں کے ذریعے نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔

ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ حوثی فورسز نے آبنائے باب المندب کے قریب سعودی حمایت یافتہ فورسز اور ان کے اجتماعات کو بیلسٹک میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔

یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ حوثیوں نے سعودی عرب کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک اور میزائل حملہ کیا ہے، اس ہفتے کے دوران ریاض کے ہوائی اڈے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا یہ تیسرا موقع ہے۔

سعودی ایئرپورٹ پر حوثی حملے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے جبکہ 36 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے۔

دوسری طرف یمن میں قانونی حکومت کی خودمختاری کی حمایت کرنے والے اتحاد نے یمن میں حوثی ملیشیا کے درجنوں اہداف پر حملے کیے ہیں۔

اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ سعودی عرب میں شہریوں، شہری تنصیبات اور ریاض اور ابہا ایئرپورٹس کو نشانہ بنائے جانے والے دہشت گرد حوثی ملیشیا کے وحشیانہ حملے ’بغیر سزا کے‘ نہیں رہیں گے۔

ایس پی اے کے مطابق ترجمان نے کہا کہ اتحادی فورسز نے ایک جامع کارروائی شروع کی جس میں صعدہ، الجوف اور مارب میں دہشت گرد حوثی ملیشیا کے 82 جائز فوجی اہداف کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔

ان اہداف میں بیلسٹک میزائل کی سائٹس خصوصا صعدہ کے پہاڑی علاقوں میں قائم بیلسٹک میزائل کی سٹوریج، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز، کمیونیکیشن سسٹم، میزائل اور اسلحے کے ڈپو اور دہشت گرد حوثی ملیشیا کے اجتماع کے مقامات شامل ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق اتحادی فورسز نے یہ کارروائیاں ریاض اور ابہا ایئرپورٹس پر حملوں کی بعد کی ہیں۔

Exit mobile version