امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایک سال سے زائد عرصے میں سب سے زیادہ حملہ آور ڈرونز اور میزائل داغے تاہم ان تمام حملوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ مجھے یاد ہے کہ میں نے 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے متعلق دو پیش گوئیاں کی تھیں۔ پہلی پیش گوئی یہ تھی کہ اگر ڈیموکریٹس کامیاب ہوئے تو اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی آئے گی جو ان کے بقول درست ثابت ہوئی۔
ٹرمپ نے اپنی دوسری پیش گوئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران، جس پر میں نے 81 ہزار مظاہرین کو ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا، اپنے حملوں میں مزید شدت لائے گا اور ایسا ہی ہوا۔
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران نے گزشتہ ہفتے ایک سال سے زائد عرصے کے دوران کسی بھی وقت کے مقابلے میں زیادہ ڈرونز اور میزائل داغے تاہم تمام حملوں کو روک لیا گیا اور کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ان دونوں واقعات کی وجہ یہ ہے کہ ایران کے رہنما ڈیموکریٹس کو کمزور، نااہل اور ملک کو تباہ کرنے والا سمجھتے ہیں لیکن میں ایسا نہیں ہونے دوں گا۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ ڈیموکریٹس اور ایران دونوں نے تیل کی قیمتیں بلند رکھنے کی کوشش کی لیکن انتخابات کے بعد تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی۔
ٹرمپ نے افسوس کا اظہار کیا کہ ووٹرز ووٹ ڈالنے سے پہلے اس صورتحال کو نہیں سمجھ سکے، پورا انتخاب غیر معمولی تھا تاہم بالآخر امریکا ہی کامیاب ہوگا۔
