Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں اصلاحات کا مجوزہ بل جمع کرادیا

اس بل میں آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے لیے اہم ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں جامع اصلاحات کا مجوزہ بل سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادیا جس میں آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے لیے اہم ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق مجوزہ ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئین کے آرٹیکل 140 اے کی روشنی میں تیار کی گئی ہے۔

مجوزہ بل میں میئر اور چیئرمین کو بطور ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں پر غیر منتخب ایڈمنسٹریٹر مسلط کرنے کے بجائے غیر جانبدار سول سرونٹ کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے منتخب میئر اور چیئرمین کو بااختیار مقامی حکومت کا انتظامی سربراہ بنانے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ مجوزہ ترامیم میں اختیارات، وسائل اور ذمہ داریاں نچلی سطح تک منتقل کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

پانی، سیوریج، سالڈ ویسٹ، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور مقامی سڑکوں کے اختیارات بلدیاتی حکومتوں کو دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

بلڈنگ کنٹرول، ماسٹر پلاننگ اور ٹاؤن پلاننگ کے اختیارات بھی منتخب بلدیاتی حکومتوں کو منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مجوزہ بل میں بلدیاتی حکومتوں کے لیے صوبائی مالیاتی کمیشن ایوارڈ نافذ کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ بلدیاتی حکومتوں کے لیے مختص صوبائی فنڈز میں سے کم از کم 70 فیصد براہ راست بلدیاتی حکومتوں کو دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

اختیارات کی منتقلی کے ساتھ ملازمین، اثاثے اور مالی وسائل بھی بلدیاتی حکومتوں کو منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کا مؤقف ہے کہ جس کام کی ذمہ داری بلدیاتی حکومت کو دی جائے، اس کے ساتھ مالی وسائل بھی فراہم کیے جائیں۔ بلدیاتی حکومتوں کے اختیارات کو صوبائی مداخلت سے محفوظ بنانے کے لیے قانونی تحفظ کی تجویز بھی مجوزہ ترامیم میں شامل ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ کے شہری و بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں۔

مجوزہ بل میں بلدیاتی اختیارات، فنڈز، ملازمین اور اثاثوں کی منتقلی کی نگرانی کے لیے ڈیولوشن امپلیمنٹیشن کمیشن قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

Exit mobile version