کراچی: بلوچ کالونی بلاک 4 ایڈمن سوسائٹی کے قریب 6 منزلہ زیر تعمیر عمارت منہدم ہوگئی ہے حادثے میں ایک شخص جاں بحق، 8زخمی ہوگئے۔
کے ایم سی اربن سرچ اینڈ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے 8زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جس میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہیں جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی بھی اطلاع ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت میں 15 سے 20 مزدور موجود تھے جبکہ ملبہ ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری طلب کی گئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہیں آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو نے متعلقہ پولیس افسران کو فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچنے اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور باہمی تعاون یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کو محفوظ بنانے، امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹوں کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی میں معاونت کی جائے۔
آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس شاہراہوں کو فوری طور پر کلیئر کروائے اور ٹریفک کی بلاتعطل روانی کو برقرار رکھتے ہوئے متبادل راستوں کا مؤثر انتظام کرے۔ متعلقہ پولیس افسران امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کریں اور صورتحال سے متعلق مسلسل اپ ڈیٹس فراہم کریں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ امدادی آپریشن مکمل کرنے اور ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے، انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور قریبی ہسپتالوں میں ہنگامی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ نے ہسپتال انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنے کا حکم دیتے ہوئے کمشنر کراچی اور متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عمارت کے نقشے، تعمیراتی معیار اور ممکنہ غفلت کا جائزہ لینے کے ساتھ عمارت منہدم ہونے کی وجوہات معلوم کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے قریبی عمارتوں کا فوری حفاظتی معائنہ کرنے اور ملبے سمیت اطراف میں کسی بھی ممکنہ خطرے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی قسم کی غفلت یا غیر قانونی تعمیر سامنے آئے تو ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی کی بلوچ کالونی عمارت کے منہدم ہونے اور ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے فرد کے لیے مغفرت کی دعا کی ہے۔
وزیراعظم نے مرحوم کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
