Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی عمارت گرنے کا واقعہ: اعلیٰ افسران عہدوں سے فارغ، ایس بی سی اے کا نیا ڈی جی تعینات

کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا نیا ڈائریکٹر جنرل تعینات کردیا گیا

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے پر اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر کے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ذمہ داران کے خلاف اہم کارروائیوں کا حکم دے دیا۔

اجلاس میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ کسی ایسے واقعے کو برداشت نہیں کریں گے جس کے نتیجے میں انسانی جانوں کا نقصان ہو یا شہریوں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑے۔

بریفنگ کے بعد وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ سے مشاورت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے محکمہ بلدیات اور متعلقہ اداروں کے حوالے سے اہم انتظامی فیصلے کیے۔

فیصلوں کے تحت سیکرٹری بلدیات وسیم شمشاد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا گیا جبکہ انہیں ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے عہدے سے بھی فارغ کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت سے ان کی فوری معطلی اور ان کے خلاف انکوائری کی سفارش بھی کی۔

دوسری جانب کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا نیا ڈائریکٹر جنرل تعینات کردیا گیا۔

واقعے کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا گیا، جبکہ ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی وزیر داخلہ کی مشاورت سے فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ 16 افسران کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور کسی بھی ملازم کے غفلت یا غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کی صورت میں اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔

مزید برآں مراد علی شاہ نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی، جبکہ چیف سیکرٹری کو عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی تحقیقات کے دائرے میں شامل کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ عمارت گرنے کے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی اور غفلت کے ذمہ دار کسی بھی شخص کو قانون کے مطابق جواب دہ بنایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version