اگر آپ بھی اپنے دن کا آغاز تازہ بنی ہوئی گرم چائے یا کافی کے ایک کپ سے کرتے ہیں تو پہلا گھونٹ لینے سے پہلے تھوڑا سا انتظار کرنا آپ کو موذی مرض سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔
ایک انتہائی منفرد تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو لوگ چائے یا کافی انتہائی گرم حالت میں پینا پسند کرتے ہیں ان میں صحت کے بعض خطرات، خاص طور پر غذائی نالی کے کینسر کا امکان بڑھ سکتا ہے۔
ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، افریقہ اور جنوبی امریکا میں کی جانے والی متعدد تحقیقات میں مشروبات کے درجہ حرارت اور غذائی نالی کے کینسر کے درمیان تعلق سامنے آ چکا ہے۔ تاہم یہ امکان موجود تھا کہ شاید مغربی ممالک کے لوگوں پر اس کا اتنا اثر نہیں ہوتا۔
اب برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے نیوفیلڈ ڈیپارٹمنٹ آف پاپولیشن ہیلتھ کے سائنس دانوں کی ایک نئی تحقیق نے اس امکان کو بھی ختم کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یہ عام سی چائے، بے وقت بھوک سے نجات دلائیں
دنیا بھر میں بہت سے لوگ چائے یا کافی انتہائی گرم پینا پسند کرتے ہیں۔ بعض لوگ تو ابلتے ہوئے پانی سے چائے یا کافی بنانے کے فوراً بعد ہی اسے پینا شروع کر دیتے ہیں، یعنی مشروب کو ٹھنڈا ہونے کا موقع ہی نہیں دیتے۔
برطانیہ میں تقریباً 10 لاکھ افراد سے کیے گئے ایک سروے میں تقریباً 15 فیصد لوگوں نے بتایا کہ وہ اپنی چائے یا کافی ’’بہت گرم‘‘ پسند کرتے ہیں۔
اس تحقیق کے لیے دو بڑے مطالعات سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں یو کے بایوبینک اور 50 سے 64 سال عمر کی خواتین پر کیے جانے والے ملین ویمن اسٹڈی کے اعداد و شمار شامل تھے۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ جو لوگ چائے یا کافی بہت زیادہ گرم پینا پسند کرتے تھے، ان میں مستقبل میں غذائی نالی کے ایک خاص قسم کے کینسر، یعنی اسکویمس سیل کارسینوما کی تشخیص کا امکان، گرم مشروب پسند کرنے والوں کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ تھا حیران کن طور پر یہ تعلق اس بات سے قطع نظر تھا کہ فرد چائے پیتا تھا یا کافی۔
محققین کے مطابق اگر لوگ انتہائی گرم مشروبات پینے کے بجائے انہیں چند منٹ ٹھنڈا ہونے دیں تو غذائی نالی کے کینسر کے کچھ کیسز سے بچا جا سکتا ہے۔
برطانیہ میں ہر سال تقریباً 10 ہزار غذائی نالی کے کینسر کے کیسز سامنے آتے ہیں جن میں تقریباً ایک تہائی SCC قسم کے ہوتے ہیں۔ تحقیق کے اندازوں کے مطابق مشروبات کو تھوڑا ٹھنڈا کرکے پینے سے ہر سال تقریباً 500 کیسز کم ہو سکتے ہیں۔
چین میں چائے پینے والے افراد پر کی جانے والی ایک تحقیق میں بھی مشروبات کے درجہ حرارت اور غذائی نالی کے کینسر کے خطرے کے درمیان تعلق پایا گیا ہے۔
تاہم اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ آپ چائے یا کافی پینا چھوڑ دیں ماضی میں کی جانے والے کئی تحقیقات سے یہ بات واضح ہوچکی ہے چائے اور کافی نہ صرف صحت بخش ہے بلکہ بعض اقسام کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں معان ثابت ہوسکتی ہے۔
اس لیے اپنی پسندیدہ چائے یا کافی سے لطف اندوز ضرور ہوں، لیکن اسے بہت زیادہ گرم حالت میں پینے کے بجائے چند منٹ انتظار کرنا بہتر ہے۔
