Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جلد اور بالوں کی بہتر صحت کے لیے یہ مشروبات غذا میں شامل رکھیں

ہربل چائے ان مشروبات میں شامل ہے جو صحت کے لیے بے شمار فوائد رکھتی ہیں

تمام ہی خواتین یہی خواہش رکھتی ہیں کہ ان جلد چمکدار اور بال لمبے اور صحت مند ہو۔ ایسا نہیں ہے کہ وہ ان سب کے لیے مختلف ٹوٹکے یا مہنگی مصنوعات استعمال نہیں کرتی تاہم بعض اوقات غذا میں معمولی سی تبدیلی ان کا حصول آسان بنا دیتی ہے۔

ہربل چائے ان مشروبات میں شامل ہے جو صحت کے لیے بے شمار فوائد رکھتی ہیں یہ اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتی ہیں جو جسم کو اندر سے غذائیت فراہم کرتی ہیں اور اسی کے ذریعے جلد اور بالوں کو وہ دیکھ بھال مہیا کرتی ہیں جس کے وہ مستحق ہیں یہاں پر ایسی ہی 4 قسم کی چائے کے خواص پیش کیے جارہے ہیں۔

بابونہ چائے

جو ذہنی اور جسمانی دباؤ ہم روزانہ برداشت کرتے ہیں، وہ ہماری جلد کو تھکا ہوا، بے جان اور مرجھایا ہوا بنا دیتا ہے۔ مگر کیمیمل چائے اپنے قدرتی سکون بخش اثر کے باعث اس کا الٹا کام کرتی ہے،یہ اعصاب کو آرام دیتی ہے، بے خوابی کم کرتی ہے اور آنکھوں کے گرد حلقوں اور سوجن کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے، جو عموماً نیند پوری نہ ہونے سے پیدا ہوتی ہے۔

ماہرین روزانہ بابونہ کی چائے پینے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جلد کو قبل از وقت بڑھاپے سے بچاتے ہیں اور چہرے پر قدرتی تازگی لاتے ہیں۔بالوں کے لیے بھی یہ چائے فائدہ مند ہے،یہ بالوں میں قدرتی چمک پیدا کرتی ہے اور اگر اسے ہفتے میں ایک یا دو بار ٹھنڈا کر کے بالوں پر ڈال کر دھویا جائے تو یہ بالوں کے رنگ میں ہلکا سا قدرتی سنہرا تاثر بھی پیدا کرتی ہے۔

سبز چائے

سبز چائے باقاعدگی سے استعمال کی جائے تو یہ کئی خوبصورتی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ میٹابولزم کو بہتر بناتی ہے، مہاسوں (حبِ نوجوانی) کے علاج میں مدد دیتی ہے اور بالوں کے جھڑنے کو کم کرتی ہے۔ اس میں موجود کیٹیچنز اور پولی فینولز جلد کی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چائے ٹھنڈی یا گرم؛ اینٹی آکسیڈنٹس کے لحاظ سے کون سی بہتر ہے؟

سبز چائے میں موجود مرکب EGCG بالوں کی جڑوں کو متحرک کرتا ہے اور نئے بالوں کی افزائش میں مدد دیتا ہے۔ سبز چائے کا باقاعدہ استعمال جسم میں سوزش اور آکسیڈیٹو اسٹریس کو کم کرتا ہے، جو بالوں کے جھڑنے کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔اس کا ٹھنڈا کیا ہوا نقیع (انفیوزن) بطور فیشل ٹونرائدہ استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ شیمپو کے بعد بالوں کو سبز چائے سے دھونا بھی ان کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔

گلاب کی پتیوں کی چائے

گلاب کی خشک پَتیاں اس خوشبودار چائے کی تیاری میں استعمال ہوتی ہیں۔ اس کا باقاعدہ استعمال جلد کے قدرتی تیل کے توازن کو برقرار رکھتا ہے اور اسے نم رکھتا ہے، جس کے باعث یہ خشک اور حساس جلد کے لیے نہایت موزوں ہے۔ گلاب کی پَتیوں میں موجود قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس کولیجن کی پیداوار کو بڑھاتے ہیں، باریک لکیروں کو کم کرتے ہیں اور جلد کو زیادہ روشن اور جوان دکھاتے ہیں۔بالوں کے لیے گلاب کی چائے کا نقیع مفید ہے، یہ کھوپڑی کی صحت بہتر کرتا ہے، بالوں کے فریزنِس (Frizz) کو کم کرتا ہے اور بالوں میں ہلکی، خوشگوار خوشبو چھوڑ جاتا ہے۔

پودینہ چائے

پودینے کی چائے ہارمونل مسائل اور چکنی جلد سے پیدا ہونے والے مہاسوں کے علاج میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ یہ ہارمونز کو متوازن کرتی ہے، جسم کو اندر سے تازگی دیتی ہے اور دانوں کے نمودار ہونے کو کم کرتی ہے۔ اس میں موجود مینتھول سوزش اور بیکٹیریا کے خلاف قدرتی طور پر مؤثر ہے، جو حساس جلد کو آرام دیتا اور اس کی سرخی کم کرتا ہے۔

بالوں کے لیے بھی یہ چائے نہایت فائدہ مند ہے۔ یہ کھوپڑی میں خون کی روانی بڑھاتی ہے جس سے بالوں کی بڑھوتری میں مدد ملتی ہے اور گھناہٹ میں اضافہ ہوتا ہے۔ پودینہ زائد چکنائی کو بھی کنٹرول کرتا ہے اور بالوں کو صحت مند، توانا شکل دیتا ہے۔ہاضمہ بہتر کرنے کے لیے دوپہر کے کھانے کے بعد ایک کپ پودینہ چائے پینا بہترین ہے اور جب معدہ صحت مند ہو تو جلد بھی زیادہ صاف اور تروتازہ رہتی ہے۔

دیر پا اثرات

جڑی بوٹیوں کی چائے روزمرہ کی اچھی عادتوں میں شامل ہے، لیکن اس کا اثر صرف اسی وقت نمایاں ہوتا ہے، جب اسے ایک مستقل صحت بخش طرزِ زندگی کا حصہ بنایا جائے، ساتھ ہی متوازن غذا اور مناسب نیند بھی ضروری ہیں۔بہتر نتائج کے لیے مختلف جڑی بوٹیوں کو ملا کر بھی پیا جا سکتا ہے، جیسے ریحان اور گلاب کا ملاپ ذہنی دباؤ کم کرتا اور جلد کو نکھارتا ہے، جبکہ سبز چائے اور پودینہ مل کر جلد اور بالوں دونوں کی صحت بہتر بناتے ہیں۔

روزانہ دو سے تین کپ جڑی بوٹیوں کی چائے جسم کو اندر سے ہائیڈریٹ کرتی ہے اور اسے اینٹی آکسیڈنٹس و وٹامنز فراہم کرتی ہے۔ صبح پینا جسم سے زہریلے مادے خارج کرنے اور میٹابولزم بڑھانے میں مدد دیتا ہے، جبکہ رات کو پینا اعصاب کو سکون دیتا ہے اور ذہنی دباؤ سے پیدا ہونے والے بالوں کے جھڑنے کو کم کرتا ہے۔

چینی کا اضافہ نہ کرنا بہتر ہے، کیونکہ یہ فائدے کم کر سکتی ہے۔ اگر ضرورت ہو تو شہد یا اسٹیویا جیسے قدرتی متبادل استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version