قدرت نے پاکستان کو ہر طرح کے پھلوں سے نوازا ہے جو صحت بخش ہونے کے ساتھ نہایت مزیدار بھی ہوتے ہیں ان ہی میں رس بھری بھی شامل ہے۔ شکل میں ٹماٹر اورجسامت میں بیری سے مشابہت رکھنے والا یہ ننھا پھل اپنے اندر صحت کے حیرت انگیز فوائد رکھتا ہے۔
رس بھری کو انگریزی میں گولڈن بیری کہاجاتا ہے یہ پھل کھٹا میٹھا لیکن قدرے منفرد ذائقہ رکھتا ہے جبکہ اس کا رنگ پیلا اور نارنگی ہوتا ہے اس پھل کی سب سے خاص بات اس کے اردگرد ایک نہایت خوبصورت جالی دار تھیلی ہوتی ہے جس کے درمیان یہ پھل موجود ہوتا ہے۔
رس بھری کا تعلق امریکہ کے اینڈین پہاڑوں سے ہے تاہم اب یہ دنیا بھر میں پیداہوتا ہے جبکہ پاکستان میں یہ سوات کے مختلف علاقوں میں اگایا جاتا ہے۔ اس کا پودا ٹماٹر اور مرچوں جیسا ہی ہوتا ہے جس کی ٹہنیاں نرم اور پتوں سے بھری ہوتی ہیں۔
اس پھل کو نمکین اور میٹھے دونوں پکوانوں جیسے چٹنی، ساس، سالسہ اورسلاد میں استعمال کیا جاسکتا ہےجو ان کھانوں کے ذائقہ کے ساتھ غذائیت کو مزیدبڑھادیتا ہے ۔
سنہری بیری کے صحت سے متعلق فوائد
رس بھری کو شوخ پیلا اور نارنگی رنگ دینے والاجز کیروٹینائڈزکہلاتا ہے جو گاجر اور کدو میں پایا جانے والا قدرتی روغن ہے۔ اس کے ایک کپ میں کیلوریز 74، پروٹین 2.7 گرام، فائبر 6 گرام، چربی 1 گرام، وٹامن سی 21 فیصد، وٹامن اے 7 فیصد، تھامین 14 فیصد، آئرن اور فاسفورس موجود ہوتے ہیں۔
رس بھری اینٹی آکسیڈینٹ سے بھی بھری ہوئی ہوتی ہے جو جسم کو فری ریڈیکل سے تحفظ فراہم کرتی ہے فری ریڈیکلز وہ مالیکیول ہیں جو مختلف امراض کا سبب بنتے ہیں۔
یہ اینٹی آکسیڈینٹس کی بدولت جلد کو صحت مند رکھتی ہے اس کے بیرونی سطح پر پھل کی نسبت تین گنا زیادہ اینٹی آکسیڈینٹس موجود ہوتا ہے۔
مختلف تحقیق کے مطابق رس بھری میں موجود فینولک مرکبات کینسر کی نشوونما کو روک سکتے ہیں۔
رس بھری آکسیڈیٹیو نقصان کو روکنے کے ساتھ ساتھ خلیات کی عمر بڑھانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
یہ پھل مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے جبکہ اس میں پولی فینول کی کثیر مقدارکی سوزش کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے مزید برآں، وٹامن سی کی بڑی مقدار مدافعتی نظام کے افعال کو بہتر بناتا ہے۔




















