پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کے بیان پر وزیراعظم یا وزیر خزانہ قوم کو فوری طور پر اعتماد میں لیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خواجہ آصف کہہ رہے ہیں ملک ڈیفالٹ کر چکا ہے جبکہ حکومت کو ان کے اس بیان پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیئے، وزیراعظم یا وزیر خزانہ اس بیان پر فوری طور پر قوم کو اعتماد میں لیں۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف وفاقی حکومت کے وزیر دفاع۔ نواز شریف کی کچن کیبنٹ کا حصہ اور ن لیگ کے اہم رہنما ہیں
ان کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کہ خواجہ آصف کا بیان درست ہے یا یہ سیاسی بیان ن لیگ کی ضرورت ہے جبکہ عوام کو ان لوگوں پر اعتماد نہیں ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک طبقہ کی رائے ہے کہ یہ لوگ ایمرجنسی کا بہانہ بنا کر الیکشن ملتوی کرنا چاہتے ہیں جبکہ دوسری جانب گزشتہ 9 ماہ میں انہوں نے معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک اس وقت ڈیفالٹ ہونے کے قریب ہے جبکہ ان کے پاس نہ تو ملک چلانے کی اہلیت ہے اور نہ ہی معیشت کو اوپر لے جانے کا کوئی ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے 9 ماہ میں ملک اور عوام کو دونوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے جبکہ ملتان، ہم نے کرونا وباء کے مشکل ترین دور میں معیشت کو سہارا دیا ہے لیکن ملتان، ان لوگوں سے تو 9 ماہ میں ملک چلانا مشکل ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت خواجہ آصف کے بیان کو سنجیدہ لے اور فی الفور وضاحتی بیان جاری کرے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان لوگوں کو عوام کی مشکل سے کوئی غرض نہیں ہے، یہ لوگ اقتدار کو طول دینے کے لئے منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ عمران خان اور تحریک انصاف کی مقبولیت سے خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور عمران خان کو اقتدار میں آنے سے روکنے کے لئے تمام ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اگر الیکشن کرواتے ہیں تو عوام نے انہیں مسترد کرنا ہے، یہ لوگ کب تک الیکشن سے بھاگیں گے، قوم الیکشن کی تیاری کرے۔

















