Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دینِ معاشرت سے معیشت تک ہمیں رہنمائی فراہم کرتا ہے،عمران خان

عمران خان نے کہا  ہے کہ دینِ مبین سماج و سیاست اور معاشرت سے معیشت تک ہمیں بھرپور رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معروف مذہبی سکالر علامہ شہنشاہ نقوی کی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں قومی سیاسی معاملات، عمران خان کے تصورِ ریاستِ مدینہ اور تحریک انصاف کے مِلّی و ملکی تعمیر و ترقی کے فلسفے پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

علامہ شہنشاہ نقوی کی جانب سے تحفظِ ناموسِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم اور عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے چیئرمین تحریک انصاف کی خدمات کا برملا اعتراف کیا گیا جبکہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے زریں اصولوں کی روشنی میں جدید فلاحی مملکت کی صورت میں ڈھالنے کے کلیدی فلسفہ و ہدف کو بھی سراہا۔

ملاقات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اہلِ علم خصوصاً الہامی و تہذیبی علوم کے ماہرین سماج میں اقدار کے فروغ و تحفظ کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں، اہلِ پاکستان ایک بے مثال تہذیبی و دینی ورثے کے امین ہیں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ رسولِ مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے کی حیثیت سے ہمارے پاس کتاب و سنت کیصورت میں ہدایت کا ابدی سامان موجود ہے، دینِ مبین سماج و سیاست اور معاشرت سے معیشت تک ہمیں بھرپور رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سیرتِ رسول مکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے دنیوی و اُخروی نجات کے اسباب پیدا کرنا بطور ملت ہمارے ذمے ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام بندۂ مؤمن کو بندگی و اقدار کے دائرے میں آزادئ فکر و عمل کی بنیاد مہیا کرتا ہے، زوال کے اس دور میں سیرتِ رسولِ مکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عروج کی راہ کشید کرنا امت کی ذمہ داری ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اہلِ علم خانقاہوں اور دانشکدوں سے نکل کر میدانِ عمل میں قوم کی رہنمائی کریں، قرب و نصرتِ الہٰی سے پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے خطوط پر استوار کرنے کی محنت جاری رکھیں گے۔

متعلقہ خبریں