گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے قانون کا تمسخر اڑایا ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے قانون کا تمسخر اڑایا ہے، نواز شریف سمیت دیگر لیڈران نے قانون کے سامنے سر خم تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک بڑی پارٹی کو لیڈ کرتے ہیں، وارنٹ گرفتاری عدالت نکالتی ہے، وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کرانا پولیس کی ذمہ داری ہوتی ہے، عمران خان نے بتا دیا کہ وہ اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں جنگل کا قانون ہے، ملک کی بدنامی کرنے پر مجھے افسوس ہے، پوری دنیا میں عمران خان نے جگ ہنسائی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چارٹر آف اکانومی پہلے سے زیادہ ضروری ہے، پاکستان میں سب سیاست دان ایک ساتھ نہیں بیٹھتے، سب سے پہلے عمران خان نہیں بیٹھتے، پنجاب میں کرپشن تو پی ٹی آئی کے دور میں زیادہ سامنے آئی۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کلچر دیا ہے کہ ان کے علاوہ باقی سب چور ہیں، معاشرے میں تقسیم پیدا ہونا بدقسمتی ہے، عمران خان یوٹرن کو اپنا طرہ امتیاز سمجھتے ہیں۔

















