رمضان المبارک سے قبل ملک بھر میں مہنگائی کے طوفان نے مزید زور پکڑ لیا ہے جس کے بعد روزمرہ استعمال کی اشیاء خوردو نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رمضان کی آمد سے قبل ہی ملک بھر میں مہنگائی مافیا سرگرم ہے اور اس وقت آٹا، دودھ ، چاول، گھی، چینی، دالیں اور چائے کی پتی سمیت دیگر اشیاء کئی گناہ مہنگی فروخت کی جارہی ہیں جس نے عوام کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں مل اور فائن کا آٹا 150 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ آٹے کے سرکاری نرخ 105 روپے فی کلو ہیں۔
باسمتی چاول 100 روپے اضافے کے بعد 450 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے جبکہ ٹوٹا چاول 150 روپے سے 200 روپے تک کا فی کلوفروخت ہورہا ہے۔
چائے کی پتی میں بھی 300 روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے اور900 گرام برانڈڈ چائے کی پتی کی موجودہ قیمت 1700 روپےکردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 1 ماہ کے دوران ٹیٹرا پیک دودھ 20 روپے کےاضافے سے 250 روپے لیٹر پرپہنچ گیا ہے۔
بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں کمشنر کی جانب سے بنائی گئی پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیرفعال ہیں اور یہی قیمتوں کے بڑھنے کی بڑی وجہ ہے۔
فیصل آباد میں رمضان سے قبل مہنگائی کا راج جاری، ذرائع
ذرائع کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں بھی سبزیوں سمیت دیگر اشیاءِ خوردونوش کے من مانے ریٹس مقرر کردئیے گئے ہیں جس کے بعد فیصل آباد میں فی کلو پیاز 130 سے 150 روپے،ٹماٹر 80 سے 100 روپے، ادرک 650 روپے، لہسن 459 روپے سبز مرچ اور پھول گوبھی 70 روپے، بند گوبھی 60 روپے، مٹر 120 روپے،بھنڈی اورتوری 250 روپے جبکہ کریلے 150 روپے کلو تک فروخت کئے جارہے ہیں۔
علاوہ ازیں دالوں کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد فیصل اباد میں دال مونگ 320 روپے، دال مصور 310 روپے، دال چنا 310 روپے، مسور300 روپے، چاول 350 روپے، چنے سفید 340 روپے، سیاہ چنے290 روپے، ایرانی کھجور 350 سے 450 روپے، چینی 110 روپے بیسن 300 روپے اورآٹا 150 روپے تک فروخت کیا جارہا ہے۔
گرم مصالحہ 2000 روپے کلو، دار چینی 1400، زیرہ 1500 روپے جبکہ مرغی کا گوشت 520 روپے کلو، مٹن 1800 روپے کلو اوربیف 800 روپے کلو کردیا گیا ہے۔
سکھر میں مہنگائی عروج پر، قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کردیا گیا، ذرائع
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکھر میں آٹے کی قیمت میں اضافہ جاری ہے اور آٹا 95 روپے سے بڑھ کر 125 اور130 روپے فی کلوکردیا گیا ہے جبکہ چاولوں کی مختلف اقسام کی قیمت میں تیس روپے فی کلو کا اضافہ ہوگیا ہے۔
اس وقت سپر کرنل چاول 350 روپے فی کلو، چھولے 280 سے بڑھ کر چار سوروپے فی کلو کجھور1000 روپے فی کلو، دال مونگ 210 روپے سے بڑھ کر 280 روپے کلو،دال چنا 280 روپے کلو اور بیسن 30 روپے اضافے کے بعد 250 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔

















