پیرس میں یوم پاکستان کا جشن بھرپور انداز میں منایا گیا، پیرس میں پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا، پیرس میں پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔
یوم پاکستان کے حوالے اس تقریب میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام کے علاوہ فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں صدر پاکستان اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے 23 مارچ 1940 کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس دن برصغیرکے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لئے قرارداد پاکستان منظور کی تاکہ وہ اپنی ثقافت، اقدار اور عقیدے کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔
عاصم افتخار احمد نے پاکستان کے بانی قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے تحریک آزادی کی بھرپور قیادت کی اور اپنی سیاسی، آئینی اور جمہوری جدوجہدسے پاکستان حاصل کیا۔
پیرس میں ہونے والی یوم پاکستان کی اس تقریب میں ملّی نغمے پیش کئے گئے اوربچوں نے تقاریر کیں۔




















