یمن کی انصار اللہ تنظیم کے سینئر رہنما محمد البخیتی نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی جنگجوؤں نے باب المندب پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حوثی جنگجوؤں نے یمن کے مغربی صوبے تعز میں متعدد اہم علاقوں کے علاوہ الخالد اور جبل النصر کے فوجی اڈوں پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حوثیوں کی پیش قدمی بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقے میں واقع المخا بندرگاہ کے داخلی حصوں تک پہنچ گئی ہے جبکہ المخا ایئرپورٹ پر بھی قبضے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں کے خلاف مزاحمت کرنے والے متعدد عناصر نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
باب المندب دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتا ہے جہاں سے تیل، گیس، غذائی اجناس اور دیگر اشیا سمیت عالمی تجارت کا ایک بڑا حصہ گزرتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حوثیوں کی جانب سے بحیرۂ احمر میں جغرافیائی اہمیت کے حامل جزیرے زُقَر کا کنٹرول حاصل کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا تھا۔




















