پی ٹی آئی رہنما و سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ہر دوسرے دن عمران خان پر مقدمہ ہونے سےججز بھی پریشان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج عدالتی حکم کے مطابق چیئرمین عمران خان کچھ دیر بعد ہائیکورٹ آئیں گے، خان کے خلاف جو بھی مقدمات ہیں ان کی پیروی کریں گے، اتنی سیکیورٹی سمجھ سے باہر ہے یہاں کون سا دنگا فساد ہونے جا رہا ہے؟
اسد عمر نے کہا کہ پچھلی دفعہ دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئے تو جج صاحب بھی پریشان ہو گئے کہ ہر دوسرے روز چار مقدمات لے کر آ جاتے ہیں، پی ٹی آئی ہمیشہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے پر پھر بھی ہمیں مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں اور انتخابی مہم سے روکا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف 17 مقدمات درج کیے گئے، عمران خان کیلئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں، عدالت کو راناثنا اللہ کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے، رانا صاحب آپ کے وجود کو ختم کرنے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں، ساڑھے 3 سال حکومت کی اگر وجود ختم کرنا ہوتا تواس وقت کر دیتے۔
انہوں نے کہا کہ سب اپنے اپنے نظریے کے مطابق سیاست کریں، اصولاً عدالت کے کہنے پہ یہاں پیشی کے لیے آرہے ہیں، نیب پر کتنا عمران خان کا اور ہمارا کنٹرول تھا یہ سب کو پتہ ہے، پوری ویڈیو موجود ہے کہ مریم نواز پیشی کے لیے جا رہی تھی اور ان کی گاڑی کے اندر پتھر موجود تھے۔
اسد عمر نے کہا کہ تحریک انصاف پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، ہمیں ڈرانے کے لیے یہ مقدمات بنائے جا رہے ہیں، جب عدالت حکم دیتی ہے عمران خان پیش ہو جاتے ہیں، عمران خان کو ہراساں کیا جا رہا ہے، الیکشن مہم سے روکا جا رہا ہے، اس سب کے خلاف ہماری پٹیشن تیار ہے کل دائر کر دیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کو پتہ نہیں کس نے ڈرا دیا ہے، صرف اسلام آباد سے پانچ سو کارکنان گرفتار کیے گئے، ہمارے دور میں ن لیگ نے مارچ کیے ایک بندہ بھی گرفتار نہیں ہوا، ہماری حکومت میں سب مقدمات نیب کے تھے، سب کو پتہ ہے نیب پہ ہمارا کتنا کنٹرول تھا۔

















