رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے موقع پر امن کو یقینی بنائیں گے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مل کر ملک سے انتشار کا خاتمہ کریں گے، پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں سے سختی سے نمٹنا ہوگا۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ قوم کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے، پاکستان کو کلمہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا، ملک کو دہشت گردی اور فرقہ واریت سے پاک کرنا ہے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزید کہا کہ پیغام پاکستان کو ہر گھر کی آواز بنانا ہے، محرم الحرام کے موقع پر امن کو یقینی بنائیں گے، آئیں امن کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی اور محرم الحرام میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا تھا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے، دہشت گردوں کو پشاور اور ہنگو سمیت مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ کالعدم تنظیم کے کارندے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ بنارہے تھے، گرفتار دہشت گردوں میں ٹارگٹ کلرز بھی شامل ہیں، تاہم دہشت گردوں سے مزید تفتیش کی جاری ہے۔

















