امریکی ریاست ڈیلاس میں مسلمانوں نے شدید گرمی کی وجہ سے گھر کے باہر ٹھنڈے پانی اور مشروبات کے کولر رکھ دیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کے شہر ڈیلاس میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کیا جا رہا ہے۔
عام حالات میں اتنی گرمی کے بعد بارش ضرور ہوتی ہے لیکن اس وقت بارش کا دور دور کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو ایکسسیو ہیٹ وارننگ جاری کر دی گئی ہے جب کہ مسلمانوں نے گھر کے باہر ٹھنڈے پانی اور مشروبات کے کولر رکھ دیے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ کی جنوبی ریاستیں اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ کیلیفورنا، ٹیکساس اور فلوریڈا میں رواں ہفتے شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔
ایریزونا، نیواڈا، میکسیکو میں بھی پارہ بڑھنے لگا ہے جب کہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔
شدید گرمی کی لہر سے امریکہ بھر میں 5 کروڑ افراد کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، کیلیفورنیا کے جنوبی اور وسطی علاقوں کیلئے زیادہ گرمی پڑنے کی وارننگ جاری کر دی گئی۔
مزید برآں لاس اینجلس کاؤنٹی کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب یورپ بھی گرمی سے نہ بچ سکا اور وہاں بھی شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس کے باعث شہری بلبلا اٹھے ہیں۔




















