ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی منصفانہ جدوجہد میں حمایت جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے جاری بھارتی جبر کشمیری عوام کی خواہش کو توڑنے میں ناکام رہا ہے جو اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم آج 92 واں یوم شہدائے کشمیر ان 22 کشمیریوں کی شہادت کی یاد میں منارہی ہے جنہوں نے 1931 میں ڈوگرہ افواج کی وحشیانہ اور اندھا دھند فائرنگ کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے یہ بھی کہا کہ ہم ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بہادری سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ایک دلیرانہ جدوجہد کا آغاز کیا اور آزادی کی یہ تحریک آج تک جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈوگرہ افواج کی طرح گزشتہ ستر سالوں کے دوران بھارتی قابض افواج نے ہزاروں کشمیریوں کو محض اپنے حقوق کے مطالبہ پر شہید کیا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 سے اب تک بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں 780 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اس عزم کا پھر اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول تک بھارتی جبر کے خلاف ان کی منصفانہ جدوجہد میں حمایت جاری رکھے گا۔

















