وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جھوٹے اور بےبنیاد مقدمے میں مجھے اور حمزہ شہباز کو بری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کے سیاسی انتقام پر مبنی جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں آج مجھے اور حمزہ شہبازکو بری کردیا ہے، اس پر اللہ تعالی کا جتنا شکریہ ادا کیا جائے وہ کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام میں لتھڑا یہ وہی مقدمہ ہے جس میں برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے ہمیں کلین چٹ دی تھی، ایجنسی نے تین ممالک میں 40 سال کا ریکارڈ دو سال تک کھنگالا پر کچھ نہ ملا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ برطانیہ کے ڈیلی میل میں ڈی ایف آئی ڈی کے فنڈز میں غبن کی جھوٹی خبر دانستہ شائع کرائی گئی تھی، اس میں بھی اللہ نے ہمیں سرخرو کیا اور ڈیلی میل کو معافی مانگنا پڑی، یہ وہی مقدمہ تھا جس میں ناحق مجھے دو مرتبہ گرفتار کیا گیا، حمزہ شہبازکو قید رکھا گیا اور کورونا وبا کے دوران سخت بیمار ہونے کے باوجود ڈاکٹر کے پاس بھی نہ لے جایا گیا، حمزہ کو اس کی معصوم بیٹی سے ملنے تک نہ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ واٹس ایپ، احتساب، بدترین میڈیا ٹرائل اور بے گناہی کی قید کا آج کوئی ازالہ ہوسکتا ہے سیاسی انتقام کی آگ میں جلنے والوں کو دنیا میں تو جواب مل گیا جبکہ انہیں آخری اور سب سے بڑی عدالت میں بھی اس ظلم کا حساب دینا پڑے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ انتقامی اندھیرنگری کے سیاہ دور میں ساتھ دینے والے محسنوں، دوستوں، احباب، وکیلوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں

















