حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، لوٹ مار، منشیات کیخلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ کیلئے نگران حکومت کی بندربانٹ کیلئے اپوزیشں کی ذمہ داری پی ٹی آئی سے لے لی گئی، مگر عوام جانتے ہیں سندھ میں حقیقی اپوزیشن کرنے والی واحد جماعت تحریک انصاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ سے آج تازہ ہوا کا جھونکا آیا ہے، پولیس آڈر 2019 پولیس کو کم دار بنانے کیلئے تھا جس کی ہم نے مخالفت کی تھی، پولیس آرڈر 2019 کے تحت کئی افسران کم دار ثابت ہوئے اور کچھ کمدرادی پر مجبور ہوئے،
پی ٹی آئی سندھ کے صدر کا کہنا تھا کہ آج سندھ ہائیکورٹ سے پولیس کو بااختیار کرنے کیلئے فیصلہ سامنے آیا، بحیثیت اپوزیشن لیڈر اسمبلی میں متعدد بار آواز اٹھائی پولیس کو بااختیار کریں۔
حلیم عادل شیخ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی کیلئے پروفیشنل اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ امید ہے اب کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، لوٹ مار، منشیات کیخلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز اسلم ابڑو کے اہل خانہ پر فائرنگ ہوئی جسے کوئی پوچھنے والا نہیں، سندھ ہائیکورٹ نے صوبے کے آئی جی کو بااختیار کیا ہے تو اب پولیس اپنا وقار بلند کرے جبکہ ہم چاہتے ہیں پولیس آزاد حیثیت میں امن و امان کی بحالی اور اپنے فرائض سر انجام دے۔

















