رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ہم مٹھی بھر دہشت گرد عناصر کو جلد ختم کر کے دم لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے باجوڑ کے صدر مقام خار میں جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کنونشن میں بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ضلع باجوڑ میں جے یو آئی کے کنونشن میں دھماکے کی شدید مذمت کرتا ہوں، قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس ہوا، شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا گو ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، ہم مٹھی بھر دہشت گرد عناصر کو جلد ختم کر کے دم لیں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں، واقعے کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، واقع کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
باجوڑ: جے یو آئی کے جلسے میں دھماکا، 30 افراد جاں بحق ، 60 سے زائد زخمی
باجوڑ میں جے یو آئی (ف) کے جلسے میں بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق جبکہ 160 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ میں میں دھماکا اس وقت ہوا جب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن جاری تھا، کنونشن میں ایم این اے جمال الدین اور سابق سینیٹر عبدالرشید سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
دھماکے میں جمال الدین اور عبدالرشید محفوظ رہے۔ زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور باجوڑ کے قریب تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، دھماکا کس نوعیت کا ہے تحقیقات کے بعد پتا چلے گا، ضلع انتظامیہ نے شہر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں

















