سابق اسپیکر قومی اسمبلی و رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے ملک میں آزاد اور منصفانہ انتخابات یقینی بنانے کیلئے مقتدر حلقوں پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی و رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اس وقت پارٹی اور چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف یک طرفہ پروپیگنڈہ جاری ہے، بااختیار قوتیں اور پی ڈی ایم کیا سوچ رہے ہیں؟ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس طرح کے پروپیگنڈے کے ذریعے پی ٹی آئی کو ختم کر سکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ یہ ان کی غلط فہمی ہے، وہ جتنا منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، پی ٹی آئی اتنی ہی زیادہ مقبول ہو رہی ہے۔
اسد قیصر نے موجودہ حکومت کی کارکردگی پر تنقید کی اور سوال کیا کہ کیا پی ڈی ایم حکومت اپنے دورِ اقتدار میں مہنگائی سے نمٹنے اور گورننس کو بہتر بنانے میں کامیاب رہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی ایسا شعبہ دکھائیں جس میں ہم کہہ سکیں کہ پی ڈی ایم نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے، یہ 14 مہینے بدترین تباہی کے تھے اس لیے میں مقتدر حلقوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ اس ملک پر رحم کریں اور اسے کسی بھی نقصان سے بچانے کیلئے آئینی دفعات کے تحت آزاد اور منصفانہ انتخابات یقینی بنائیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک میں قانون کا غلط استعمال ہو رہا ہے، اگر حکمران ترقی چاہتے ہیں تو قانون کی حکمرانی ضروری ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی نے ایسا کون سا جرم کیا ہے جس کی وجہ سے اسے اس کے آئینی حق اور تحفظ سے محروم رکھا جا رہا ہے؟ کیا پارٹی کو آئندہ انتخابات سے باہر رکھنے کے اقدامات ملک میں استحکام لے آئیں گے؟
اسد قیصر نے کہا کہ کسی پارٹی کو اقتدار میں لانا یا نکالنا عوام کا حق ہے، قوم فیصلہ کرے گی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو دوبارہ اقتدار میں لانا ہے یا کسی اور کو۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں

















