Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواب شاہ ٹرین حادثہ؛ آرمی چیف کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کیلئے پاک فوج کو ہدایات جاری

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے نواب شاہ حادثے میں امدادی سرگرمیوں کیلئے پاک فوج اور رینجرز کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق جائے حادثہ پر پاک فوج اور رینجرز کے امدادی دستے پہنچنا شروع ہو گئے، مزید دستوں کو حیدرآباد اور سکرنڈ سے طلب کر لیا گیا۔

اس کے علاوہ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو کے لئے روانہ کیے گئے ہیں تاکہ ریسکیو ہیلی کوپٹرز سے جلد از جلد زخمیوں کی قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔

پاک فوج اور رینجرز کے حکام جائے حادثہ پر اشیاءِ خوردونوش بھی لے کر پہنچ رہے ہیں۔

پاک فوج کے ریسکیو آپریشن کا سلسلہ آخری زخمی کی ہسپتال منتقلی اور جائے حادثہ پر پھنسے افراد کی بحالی تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ حادثہ نواز ڈاہری کے مقام پر پیش آیا ہے جہاں ہزارہ ایکسپریس پٹری سے اتر گئی جس کے باعث 20 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

واقعے کی وجہ سے ہزارہ ایکسپریس کے دس ڈبے پٹری سے اتر گئے ہیں۔

ہلاک مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے، مسافروں کو بوگیوں سے نکالنے کا کام جاری ہے، قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

زخمی مسافروں میں خواتین اور بچے بھی شامل

جائے حادثہ پر دو امدادی ٹرینیں روانہ کی جا رہی ہیں، پہلی ریلیف ٹرین کوٹری اور دوسری روہڑی سے روانہ ہو رہی ہے۔

ہزارہ ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جا رہی تھی۔

حادثے کے باعث کراچی لاہور اور لاہور کراچی کے درمیان ٹریک بلاک ہو گیا ہے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں