جرمن شہریت کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، جرمن حکومت کی جانب سے شہریت حاصل کرنے کا نیا قانون پیش کر دیا گیا۔
جرمن حکومت نے ایک نیا قانون متعارف کروا دیا ہے جس کا مقصد اس ملک کی شہریت حاصل کرنے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔ نئے قانون کے تحت اصولی طور پر دوہری شہریت رکھنا بھی ممکن ہو جائے گا۔
پارلیمان سے منظوری کے لیے اس نئے قانون کا مسودہ خاتون وزیر داخلہ نینسی فائزر کی طرف سے پیش کیا گیا جس کے مطابق مستقبل میں جرمن شہریت کے لیے آٹھ کی بجائے پانچ سال قیام کے بعد اپلائی کیا جا سکے گا۔
تجویز کردہ مسودے کے مطابق جو لوگ بہتر انضمام اور جرمن زبان میں اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کریں گے وہ صرف تین سال کے بعد شہریت حاصل کر سکیں گے۔
تاہم ابھی اس مسودے کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظوری ہونا باقی ہے۔
جرمنی کو ہنرمند تارکین وطن کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے جرمن شہریت حاصل کرنے کے قوانین کو دوسرے ممالک کی نسبت سخت قرار دیا جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ جرمن حکومت شہریت اور ویزہ حاصل کرنے کے قوانین کو نرم بنانا چاہتی ہے تاکہ یہ ملک ہنرمند تارکین وطن کے لیے پرکشش بن سکے۔
وزیر داخلہ نینسی فائزر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم بہترین اذہان کو اپنے ملک لانا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے عالمی مقابلہ سخت ہے۔
نئے قانون کے تحت دوہری شہریت رکھنے کا راستہ بھی کھل جائے گا۔ دوہری شہریت کا حق ابھی تک یورپی یونین اور سوئس شہریوں تک ہی محدود رکھا گیا تھا جبکہ اس حوالے سے چند ایک ممالک کو استثنیٰ دیا گیا تھا۔
جرمنی کی شہریت سے متعلق قانون سازی میں ترمیم ایک کلیدی عہد تھا جو چانسلر اولاف شولزکی قیادت والی مخلوط حکومت نے سن 2021 کے آخر میں کیا تھا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















