چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد معیشت کے استحکام میں مدد گار ثابت ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے ڈاکٹر فیصل کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی جبکہ انہوں نے ڈاکٹر فیصل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ڈاکٹر فیصل کی بطور پاکستانی ہائی کمشنر خدمات سے پاکستان اور برطانیہ کے دو طرفہ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے ڈاکٹر فیصل کو ماحولیات، تجارت، آئی ٹی، تعلیم کے شعبوں میں برطانیہ کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے ہدایات دیں۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ برطانیہ کے تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہیے، سرمایہ کاروں کا اعتماد معیشت کے استحکام میں مدد گار ثابت ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کاروباری و معاشی روابط دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔
محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،امید ہے آپ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

















