مغربی کنارے میں ایک رہائشی عمارت میں کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے (رائٹرز) کے مطابق اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں مشتبہ شخص کی تلاش کی آڑ میں ایک گھر پر چھاپہ مارا جس پر فلسیطینیوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے ایک نوجوان کو سر پر گولی مار کر شہید کردیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے نوجوان کو انتہائی قریب سے سر پر گولی ماری جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، نوجوان کی شناخت 36 سالہ عبدالرحیم فائز کے نام سے ہوئی۔
فلسطینی نوجوان احمد ولید پر الزام تھا کہ اس نے گزشتہ ماہ اردن ویلی کے علاقے میں قائم اسرائیلی فوج کی چوک پوسٹ پر فائرنگ کی تھی۔ اسرائیلی فوج نے چھاپا مار کارروائی میں ایک عمارت پر اندھادھند گولیاں اور بم برسائے۔
جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی لیکن وہاں احمد ولید نہیں ملے جس پر اسرائیلی فوج نے ایک اور گھر سے تین مردوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
واضح رہے کہ رواں برس اسرائیلی فوج کی جارحیت میں اضافہ ہوا اور اب تک 250 سے زائد فلسطینی نوجوانوں کو شہید کیا جا چکا ہے جب کہ 28 اسرائیلی بھی مارے گئے۔




















