نگران وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے 10ویں کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز میٹنگ میں ماحولیاتی تبدیلی سےمتعلق لندن میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کے شرکاء نےموسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں نوجوانوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
جلیل عباس جیلانی نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے دولت مشترکہ کی اقوام سے اجتماعی جدوجہد کی اپیل کی اور کہا کہ پاکستان اُن چند ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہی کا شکار ہیں۔
وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے مزید کہا کہ دولت مشترکہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلی پروگرام کے تجربات سے استفادہ کرنا ہوگا ، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے دولت مشترکہ کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے10ویں کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز میٹنگ میں نوجوانوں کی انٹرپرینیورشپ اور روزگار کے مواقعوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔
جلیل عباس جیلانی نے نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے والا ہنر دینے اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔
وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے مندوبین کو اس ضمن میں حکومت پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ انٹرپرینیورشپ اور روزگار کی فراہمی سے ہی نوجوان بہتر مستقبل کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔

















