Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عوام کی خدمت پاکستان پیپلزپارٹی کا نصب العین ہے، وقار مہدی

سینیٹر وقار مہدی نےکہا ہے کہ عوام کی خدمت پاکستان پیپلزپارٹی کا نصب العین ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے متحدہ اور جے یو آئی (ف) کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ، جی ڈی اے، جے یو آئی (ف) اور پی ٹی آئی پہلے ہی اتحادی ہیں، برساتی مینڈکوں کے اتحاد سے سندھ کے عوام لاتعلق ہیں

وقار مہدی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے سندھ بالخصوص کراچی شہر سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، پیپلزپارٹی نے 15 سالوں میں گریڈ 1 سے 15 اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 16 اور 17 گریڈ  کی میرٹ پر ہزاروں ملازمتیں سندھ کے مستقل باشندوں کو فراہم کیں ہیں

  پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری نے یہ بھی کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان پیپلزپارٹی کا نصب العین ہے۔ سندھ میں صحت کے مراکز، سڑکوں کے جال، یونیورسٹیاں، میڈیکل کالجز،  ٹرانسپورٹ کی سہولیات پیپلزپارٹی کے کارنامے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو کراچی سے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ ختم ہونے کا غم ہے، ایم کیو ایم ہر حکومت کا حصہ رہی لیکن کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی ذاتی جیبیں بھر لیں۔

وقار مہدی نے کہا کہ لاڑکانہ میں یو آئی (ف) کے رہنما تو اپنی گھر کی یوسی کا الیکشن ہار گئے، سندھ بھر میں پیپلزپارٹی کا کیا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عام انتخابات میں جی ڈی اے، ایم کیو ایم اور جے یو آئی (ف) پر مشتمل بھان متی کے کنبے کو سندھ کے عوام عبرت ناک شکست دیں گے۔

پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے مزید کہا کہ مخالفین عام انتخابات میں اپنی ضمانت بچانے کی فکر کریں، پیپلزپارٹی عام انتخابات میں پہلے سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔

متعلقہ خبریں