کینیڈا میں خالصتان تحریک کے ایک اور سکھ رہنما سکھ دول سنگھ کو قتل کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں خالصتان تحریک کے ایک اور سرگرم سکھ رہنما سکھ دول سنگھ، جو سکھا دونیکے کے نام سے مشہور تھے، کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2017 میں بھارت سے کینیڈا منتقل ہونے والے سکھ دول سنگھ کو کینیڈا کے شہر ونی پیگ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ایک بیان میں سکھ رہنما ہردیب سنگھ نجر کے قتل کا الزام بھارت پر عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کینیڈا میں قتل ہونے والے سکھ رہنما کے قتل میں بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد ملے ہیں۔
جسٹن ٹروڈو کے بیان کے بعد کینیڈا نے بھارتی ایجنسی ’را‘ کے سربراہ کو ملک بدر کر دیا تھا جب کہ بھارت نے کینیڈا کا الزام مسترد کرتے ہوئے جوابی کارروائی میں سینئر کینیڈین سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب بھارت نے خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد کینیڈا کے شہریوں کیلئے ویزا سروس معطل کردی۔




















