Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ریو ٹنٹو گروپ کے سی ای او کی ملاقات

نگراں وزیر اعظم انوار الحق سے ریو ٹنٹو گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ملاقات کی جس میں پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ریو ٹنٹو گروپ کی حوصلہ افزائی کی جبکہ انوار الحق کاکڑ نے کارکردگی میں اضافہ، کاروباری لاگت میں کمی، ریگولیٹری بہتری، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور اعلیٰ سرمایہ کاری کے ذریعے پائیدار ترقی کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے مضبوط معاشی وژن کا خاکہ پیش کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کی اہمیت کو اجاگر کیا جو ایک ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے، طریقہ کار کو آسان بناتا ہے اور سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دیتا ہے۔

نگراں وزیراعظم نے ایف ڈی آئی کی ترجیح کے طور پر کان کنی کے شعبے کی اہمیت پر زور دیا جس میں پاکستان کے وافر قدرتی وسائل بشمول تانبا، سونا، سیسہ، زنک اور نایاب زمینی معدنیات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت پاکستان کا مقصد ریو ٹنٹو جیسی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کے مفادات کو مقدم رکھنا ہے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ریو ٹنٹو گروپ کے سی ای او اور ان کی ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنے اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

ملاقات میں ریو ٹنٹو گروپ کے سی ای او نے دعوت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ان کی ٹیم پاکستان کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کرے گی۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں