پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں جبکہ پارٹی کی جانب سے نواز شریف کے استقبال میں خواتین کو ہراول دستے کا کردار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے مریم نواز کو خواتین کے حوالے سے خصوصی ٹاسک سونپ دیے، مریم نواز پارٹی کی خواتین ونگ کو فوری طور پر مزید فعال اور متحرک کرینگی۔
ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز لندن سے واپسی پر خواتین ونگ کے ساتھ خصوصی اجلاس کرینگی، جبکہ گزشتہ انتخابات میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والی خواتین رہنماؤں کو خصوصی ٹاسک سونپے جائیں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین رہنما اپنے اپنے علاقوں میں گھریلو اور خصوصاً نوجوان خواتین تک پارٹی کا پیغام پہنچائیں گی، نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے دیے گئے ٹاسک پورے کرنی والی خواتین رہنماؤں کو آئندہ عام انتخابات میں مخصوص نشستوں کے لئے نامزد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 5 سال کے دوران پارٹی کے لئے مار کھانے والی خواتین کو مخصوص نشستوں کے لئے نامزدگی میں ترجیح دی جائے گی اور صوبائی اسمبلی میں بہتر کارکردگی دکھانے والی خواتین کو قومی اسمبلی کے لئے نامزد کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ گزشتہ عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ ن کی قومی اسمبلی میں 16 جبکہ پنجاب اسمبلی میں 30 خواتین خصوصی نشستوں پر منتخب ہوئی تھیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں

















