نگران کابینہ خیبرپختونخوا نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن (ایم ڈی کیٹ) ٹیسٹ دوبارہ کرانے کی منظوری دیدی۔
صوبائی نگران وزیراطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے بارے میں کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ٹیسٹ دوبارہ ہوگا، دوبارہ ٹیسٹ چھ ہفتوں میں منعقد ہوگا، ٹیسٹ کے دو مرکزی کرداروں کو گرفتار کیا گیا ہے، کابینہ نے ٹیسٹ کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی بھی بنائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ ایم ڈی کیٹ 2023 ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان
انہوں نے کہا کہ کمیٹی سفارشات دیگی کہ ٹسیٹ کو کیسے شفاف بنایا جائیں، ٹیسٹ میں نقل کی کوئی گنجائش نہیں کرنے دینگے، جو والدین نقل کے اس عمل میں شامل ہیں ان کو بھی سزا ملے گی، صوبے میں میرٹ کو سب سے زیادہ ترجیح دینگے، اگلا ٹیسٹ کے ایم یو کریگا، ایٹا سے ٹیسٹ نہیں کروائیں گے، ہم ایٹا کی کارکردگی بھی بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
فیروز جمال شاہ کا کہنا تھا کہ کل ہم نے آرمی چیف کے ساتھ طویل مشاورت کی، دہشت گردی،ڈالرز، بارڈر صورتحال پر بات چیت کی، ڈالرز کو ہم نے ایک حد تک کنٹرول کیا ہے، اسمگلنگ روکنے پر اور باردڑ سیکورٹی پر تبادلہ خیال ہوا، اس کے علاوہ سوشل میڈیا کو غلط استعمال کرنے والے کے خلاف بھی کاروائی کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھتہ خوری کو بھی کنٹرول کرنے کا فیصلہ کیا گیا، فرانزک ٹیسٹس کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی ہے، ہنڈی،حوالہ روکنے کے لئے بھی مکینزم بنایا گیا ہے، بجلی چوری روکنے کے لئے پورے صوبے میں اپریشنز کو مزید تیز کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے میڈیکل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ میں نقل کا سکینڈل سامنے آیا تھا جس میں بلیو ٹوتھ کے ذریعے پرچے آوٹ ہوئے تھے جب کہ ایم ڈی کیٹ اسکینڈل کیس پشاور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔

















