بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 282 رنز بنائے جس کے جواب میں کیویز نے مطلوبہ ہدف آسانی سے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیوڈ کونوے اور ول یونگ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ول یونگ کھاتہ کھولے بغیر ہی سام کرن کا شکار بن گئے جس کے بعد رچن روینڈرا نے کونوے کا ساتھ دیا اور دونوں نے مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔
روینڈرا اور کونونے نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اور اس دوران دونوں بلے بازوں نے ناقابل شکست سنچریاں بھی اسکور کیں۔ ڈیوڈ کونوے 121 گیندوں پر 151 رنز بنانے میں کامیاب رہے جس میں 19 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جب کہ رچن روینڈرا نے 96 گیندوں پر 123 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اوپننگ بلے باز ڈیوڈ ملان 14 رنز پر میٹ ہینری کا شکار بنے جس کے بعد دوسرے اوپنرجونی بیئراسٹو 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد کپتان جوز بٹلر اور جوروٹ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ جو روٹ نے 77 رنز اور جوز بٹلر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ ہیری بروک 25 ، معین علی 11، لیام لیونگسٹن 20 ، سام کُرن 14 اور کرس ووکس نے 11 رنز بنائے۔ عادل رشید نے 15 اور مارک ووڈ نے 13 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 3، مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ رچن روینڈرا اور ٹرینڈ بولڈ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔


















