پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے رائل برومپٹن اسپتال نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ جاری کی، رپورٹ کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ پروفیسر کارلو ڈی ماریو کی جانب سے جاری کی گئی۔
برطانوی معالج کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو ابھی بھی سینے میں دل کے عارضے کی علامات ہیں، نواز شریف کو شوگر اور دیگر امراض کی وجہ سے پاکستان اور لندن میں مسلسل فالو اپ کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ نواز شریف کی ماضی میں ہونے والی بائی پاس سرجری اور اینجیو پلاسٹی کی وجہ سے مسلسل چیک اپ کرتا رہا، ہم نے نواز شریف کی پہلے اینٹی اینجنل تھراپی کی بہتری کے لیے علاج کیا۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق نواز شریف میں انجائنا کی علامات اور کورونا وبا کی وجہ سے پاکستان جانے سے روک دیا تھا، جب نواز شریف میں مرض کی علامات بڑھ گئیں تو ہم نے ان کی انجیو پلاسٹی دوبارہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
برطانوی معالج کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ نواز شریف کی انجیو پلاسٹی نومبر 2022 میں کی گئی، اس دوران نواز شریف کو سٹنٹ بھی ڈالے گئے۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 21 اکتوبر کو نواز شریف کے استقبال کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے اور اس حوالے سے نوازشریف نے مرکزی قیادت کو استقبال کے لئے کام سونپ دیا ہے اور کوشش ہورہی ہے کہ استقبالیہ جلسے میں زیادہ سے زیادہ لوگ پہنچيں۔
نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے واپس پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے۔ نوازشریف چارٹرڈ کے بجائے مسافر طیارے کے ذریعے پاکستان آئیں گے جس کے لئے انہوں نے ٹکٹ بھی بک کروا لی ہے۔
نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے ابوظہبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ لینڈ کریں گے اور اس ہی دن وہ ابو ظہبی سے لاہور کے لیے بھی روانہ ہوں گے۔
ابو ظہبی سے اسی پرواز میں متعدد لیگی رہنماؤں اور سابق ارکان پارلیمنٹ نے بھی سیٹیں بک کرالی ہیں جبکہ ابوظہبی ایئر پورٹ پر پاکستان سے مختلف شعبوں سے لیگی کارکن استقبال کے لئے پہنچیں گے۔
5 اکتوبر 2023 کو نوازشریف نے 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے موقع پر شاندار استقبال کے حوالے سے اب تک کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور لاہور سے ہی کم از کم پانچ لاکھ کارکنوں کو مینار پاکستان لانے کی ہدایت دی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے لاہور سے کم از کم پانچ لاکھ کارکنوں کو مینار پاکستان لانے کی ہدایت دی ہے اور حمزہ شہباز سمیت لاہور کے تمام ٹکٹ ہولڈرز کو روزانہ کی بنیاد پر حلقوں میں کارنرز میٹنگز اور ورکرز کنونشن کی ہدایت دی گئی۔
نواز شریف نے خدمت کو ووٹ دو کے بیانیے کو عملی شکل دینے کی بھی ہدایت کردی اور کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہمیں بہت محنت کرنا پڑے گی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں

















