Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

طوفان الاقصیٰ: حماس کے حملوں میں فوجی افسران سمیت 700 سے زائد اسرائیلی ہلاک

حماس کے اسرائیل کے خلاف شروع کیے گئے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں فوجی افسران سمیت 700 سے  زائد اسرائیلی ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے ہفتے کی صبح شروع کیے جانے والے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں مجموعی طور پر 1100 سے زائد  ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ 2200 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

حماس کے حملوں  میں  ہلاک ہونے والوں میں سیکڑوں اسرائیلی فوجی اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔

اسرائیل پر غیر متوقع حملے کے بعد حزب اللہ بھی لبنان سے صہیونی ریاست کو نشانہ بنارہی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حماس نے سینئر افسران سمیت 130 سے زائد اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے ۔

حماس کی جانب سے ایک بیان میں اسرائیلی سیکیورٹی اہلکاروں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کو یرغمال بنائے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ یرغمال افراد کو اسرائیل میں قید بے گناہ فلسطینیوں کی رہائی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

دوسری جانب  اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے مطابق   حماس کے حملوں سے بوکھلائی ہوئی اسرائیل  فوج نے فلسطین میں  شہری علاقوں پر شدید گولہ باری اور فضائی حملے  شروع کردیے ہیں۔

شہری علاقوں اور عمارتوں پر اسرائیلی بمباری سے بچوں اور عورتوں سمیت اب تک 413 فلسطینی جاں بحق  اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے مطابق  اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونے والے لوگوں کی تعداد میں راتوں رات نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔

اب تک 74 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوکر  64 پناہ گاہوں میں  منتقل ہوگئے ہیں ۔

اسرائیل   کی جانب سے مسلسل بے حسی  کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اور فلسطین کی بجلی اب تک بحال نہیں کی گئی۔

غزہ میں بجلی کی بندش اسپتالوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن رہی ہے ۔  اسرائیلی جارحیت سے زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دینے  شدید مشکلات کا سامنا  ہے۔

امریکی اور فرانسیسی ایئر لائنز سمیت متعدد  ایئر لائنز نے حالات بہتر ہونے تک تل ابیب کی پروازیں معطل کر دیں ۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں