Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک کو معاشی تباہی کے گڑھے سے پھر نکالیں گے، شہبازشریف

شہبازشریف نےکہا ہے کہ ملک کو معاشی تباہی کے گڑھے سے پھر نکالیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے پارٹی رہنماﺅں کی ملاقات ہوئی جس میں پارٹی کے نائب صدر حمزہ شہبازشریف بھی موجود تھے۔

ملاقات میں 21 اکتوبر کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ ملاقات میں قائد نوازشریف کے استقبال کے انتظامات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نےکہا کہ ملک کو معاشی تباہی کے گڑھے سے پھر نکالیں گے، وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں عوام کی امیدوں کو پھر پورا کریں گے۔

شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں پھر سب ٹھیک کریں گے اور پھر ثابت کریں گے کہ سب ٹھیک ہوسکتا ہے، اِنشاءاللہ۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے مزید کہا کہ 21 اکتوبر وعدوں کی تکمیل کے نئے دور کا آغاز ہے، دِن رات جس طرح رہنما اور کارکن جذبے سے کام کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت ڈویژنل کوآرڈینیٹرز کا اجلاس ہوا جس میں 21 اکتوبر کی تیاریوں کے حوالے سے ڈویژنل کوآرڈینیٹرز نے پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔

اجلاس میں مریم نوازشریف اور حمزہ شہباز بھی شریک ہوئے، اجلاس میں 21 اکتوبر کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔

 اس موقع پر سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ 21 اکتوبر پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے نوید سحر ہے، 21 اکتوبر مستقبل کی راہ عمل کے تعین کا دِن ہے، 21 اکتوبر قوم کے اتحاد کا دِن ہے، 21 اکتوبرکو پاکستان ترقی کی طرف ایک نئے سفر کا آغاز کرے گا، ایسا فلاحی ترقی کرتا پاکستان بنائیں گے جس میں مایوسی نہ ہو، مہنگائی نہ ہو، معاشی بدحالی نہ ہو۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکن اپنی بلند ہمتی اور پرجوش جذبوں سے ایک نئی تاریخ لکھ رہے ہیں، کارکنوں اور راہنماﺅں کی محنت پاکستان کو سنوارنے کے لئے ہے۔

نواز شریف کی وطن واپسی

پاکستان مسلم لیگ (ن) 21 اکتوبر کو نواز شریف کے استقبال کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے اور اس حوالے سے نوازشریف نے مرکزی قیادت کو استقبال کے لئے کام سونپ دیا ہے اور کوشش ہورہی ہے کہ استقبالیہ جلسے میں زیادہ سے زیادہ لوگ پہنچيں۔

نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے واپس پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے۔ نوازشریف چارٹرڈ کے بجائے مسافر طیارے کے ذریعے پاکستان آئیں گے جس کے لئے انہوں نے ٹکٹ بھی بک کروا لی ہے۔

نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے ابوظہبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ لینڈ کریں گے اور اس ہی دن وہ ابو ظہبی سے لاہور کے لیے بھی روانہ ہوں گے۔

5  اکتوبر 2023 کو نواز شریف نے 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے موقع پر شاندار استقبال کے حوالے سے اب تک کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور لاہور سے ہی کم از کم پانچ لاکھ کارکنوں کو مینار پاکستان لانے کی ہدایت دی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے لاہور سے کم از کم پانچ لاکھ کارکنوں کو مینار پاکستان لانے کی ہدایت دی ہے اور حمزہ شہباز سمیت لاہور کے تمام ٹکٹ ہولڈرز کو روزانہ کی بنیاد پر حلقوں میں کارنرز میٹنگز اور ورکرز کنونشن کی ہدایت دی گئی۔

نواز شریف نے خدمت کو ووٹ دو کے بیانیے کو عملی شکل دینے کی بھی ہدایت کردی اور کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہمیں بہت محنت کرنا پڑے گی۔

بعدازاں نواز شریف کی ایئرپورٹ سے مینار پاکستان جلسہ گاہ آمد کے لئے 2 پلان ترتیب دیے گئے ہیں، ایک پلان کو اے اور دوسرے کو پلان بی کا نام دیا گیا ہے، لاہور ایئرپورٹ پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پارٹی قائد کا استقبال کریں گے جبکہ پلان اے کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو لاہور ایئر پورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ لایا جائے گا۔

مینار پاکستان پر جلسے کے پنڈال میں 3 منزلہ اسٹیج تیار کیا جائے گا، پہلی منزل پر پارٹی قائد نواز شریف شہباز شریف اور مریم نواز سمیت پارٹی کے مرکزی عہدیداران کے لیے مختص ہو گی جبکہ دوسری منزل پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور سابق وفاقی وزراء کے لئے مختص ہو گی جبکہ تیسری منزل پر پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کے بیٹھنے کے لئے انتظامات کیے جائیں گے۔

نوازشریف 21 اکتوبر شام 7 بجے لاہور پہنچیں گے، نوازشریف حفاظتی ضمانت ملنے پر لاہور ایئر پورٹ سے سیدھا مینار پاکستان پہنچیں گے اور ان کے استقبال کے لئے ملک بھر سے قافلے 4 بجے تک لاہور مینار پاکستان پہنچیں گے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں