ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ امریکہ اسرائیلی جرائم کا تحفظ کررہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے کہا کہ اسرائیل تاریخ کی بدترین دہشت گردی کررہا ہے اور اسرائیلی جرائم کا تحفظ امریکہ کررہا ہے۔ امریکہ اسرائیل کی جانب سے معصوم لوگوں پر بم باری کو نظر انداز کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ اسپتال پر اسرائیلی جارحیت کھلی دہشت گردی ہے، اسرائیل فلسطین میں بچوں اور عورتوں کا قتل عام کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مسئلے پر امت مسلمہ کو متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا اور مسجد الاقصیٰ کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل خطے کے لیے بڑا خطرہ ہے، غزہ میں فلسطینیوں کو خوراک کی سخت ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ غزہ کی صورت حال کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین کو جنیوا کنونشن کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیل نے اسپتال پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں طبی عملہ، مریض اور پناہ لیے ہوئے عام شہری شہید ہوئے۔
دوسری جانب غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی حملے کی اقوام متحدہ سمیت عالمی رہنماؤں نے شدید مذمت کی ہے۔




















